دنیا میں اسلحے کی خریداری میں سعودی عرب بھارت سے بازی لےگیا

آئی ایچ ایس کے مطابق اسلحے کی تجارت میں اس ریکارڈ اضافے کی وجہ دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں کی جانب سے فوجی طیاروں کی مانگ میں اضافہ اور مشرق وسطیٰ اور ایشیائی بحرالکاہل کے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی ہے۔ 2013 کی طرح سنہ 2014 میں بھی اسلحے کی فروخت میں امریکہ پہلے نمبر پر رہا جبکہ اس کے بعد روس، فرانس، برطانیہ اور جرمنی کا نمبر رہا۔آئی ایچ ایس کی اسلحے کی عالمی تجارت کی سالانہ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے سعودی عرب کی جانب سے اسلحے کی مانگ میں ڈرامائی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ کمپنی کے ماہر تـجزیہ کار بین مورز کا کہنا ہے کہ ’اگر سعودی عرب کے ماضی کے اسلحے کے سودوں کو مد نظر رکھیں تو لگتا نہیں کہ آئندہ سالوں میں بھی اس میں کوئی کمی آنے جا رہی ہے۔‘رپورٹ میں اگرچہ یہ نہیں بتایا گیا کہ سنہ 2014 میں کتنا اسلحہ فروخت ہوا تاہم رپورٹ کے مطابق سنہ 2013 اور 2014 کے درمیان سعودی عرب کی اسلحے کی مانگ میں 54 فیصد اضافہ ہوا اور سعودی عرب کے آئندہ خریداری کے آرڈرز کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ سنہ 2015 میں ان سودوں کی لاگت 9.8 ارب ڈالر ہو جائے گی جو کہ اسلحے کی عالمی خریداری کا 52 فیصد ہو گا۔ یوں سنہ 2015 میں عالمی منڈی میں اسلحے پر خرچ ہونے والے ہر سات ڈالرز میں سے ایک ڈالر سعودی عرب خرچ کر رہا ہوگا۔