پی ایس ایل 4 میچز، کراچی کا متبادل ٹریفک پلان جاری
کراچی: شہر قائد میں منعقد ہونے والے پی ایس ایل سیزن فور کے میچز کی مناسبت سے ٹریفک پولیس نے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل سیزن فور کے شیڈول میچز 9، 10، 11، 13 اور 15 جبکہ فائنل 17 مارچ کو کھیلا جائے گا جس کے تحت مختلف شاہراؤں پر امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگی۔
کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستوں کا تعین جبکہ اسٹیڈیم جانے والے شائقین کے لیے پارکنگ کے انتظامات اور شٹل سروس پوائنٹس کا تعین کیا گیا ہے۔
اسٹیڈیم جانے والے شائقین کے لیے پارکنگ کی سہولت گلشن اقبال مین واقع حکیم سعید پارک، اردو یونیورسٹی گراؤنڈ اور اتوار بازار بالمقابل بیت المکرم مسجد کے قریب ہوگی۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ویسٹ پارکنگ
ضلع وسطی اور غربی کے وہ رہائشی جو اسٹیڈیم جانا چاہتے ہیں انہیں براستہ نیپا اور لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر اور پھر یونیورسٹی روڈ پر مقرر کیے گئے مقامات پر گاڑی یا موٹر سائیکل پارک کرنے کی سہولت دی جائے گی جبکہ ایکسپو سینٹر سے بذریعہ شٹل سروس شائقین کو نیشنل اسٹیڈیم پہنچایا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ ملیر اور ایسٹ پارکنگ
ضلع ملیر اور شرقی کے رہائشی صفورا گوٹھ سے نیپا چورنگی پہنچیں گے جس کے بعد اُن کی گاڑیوں کو سہراب گوٹھ ، گلشن چورنگی کی طرف موڑا جائے گا جہاں پر پارکنگ کی سہولت موجود ہوگی جس کے بعد انہیں بذریعہ شٹل ایکسپو سینٹر لایا جائے گا اور پھر یہاں سے دوسری بس میں اسٹیڈیم پہنچیں گے۔