بی جے پی مذہبی خلیج پیدا کر رہی ہے اقلیتیں خود کو محفوظ نہیں سمجھتیں:- فاروق عبداﷲ

سری نگر (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر فاروق عبداﷲ نے ایک بار پھر بھارت میں حکمران جماعت بی جے پی پر کڑی تنقید کی ہے۔ فاروق عبداﷲ نے کہا ہے کہ بی جے پی مذہبی خلیج پیدا کر رہی ہے۔ بھارت میں اقلیتیں خود کو محفوظ نہیں سمجھ رہیں۔ عوام کے درمیان امن اور تفہیم چاہتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلی نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ سازشوں سے جموں و کشمیر آپ کا نہیں رہے گا۔ سری نگر میںتقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جب تھرڈ فرنٹ کی بات آتی ہے تو ایسا رجحان صرف کشمیر میں ہی دیکھنے کو کیوں ملتا ہے؟ جموں اور لداخ میں اس قسم کی سرگرمیاں کیوں نہیں؟ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ جان بوجھ کر ایک منصوبہ بند سازش کے تحت کیا جارہا ہے، جس کی پیشگوئی شیخ محمد عبداللہ نے پہلے ہی کی تھی۔عمر عبداللہ نے کہا کہ ریاست خصوصاً وادی کے حالات پر تنائو ہیں، کسی کو پتہ نہیں کہ کل کیا ہوگا؟