پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں تعمیری کردار ادا کیا ہے،چین

چین نے کہا ہے کہ اس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کیلئے تعمیری کردار ادا کیا ہے۔یہ بات چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے بیجنگ میں نیشنل پیپلز کانگریس کے سالانہ اجلاس کے موقع پرایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کوکشیدگی کم کرنے کیلئے بات چیت کرنی چاہیے اور اس سلسلے میں جوہری قوت کے حامل ہمسائیوں کے ساتھ چین کا کردار متوازن ہے۔وانگ ژی نے واضح طور پر پاکستان کو چین کاقابل بھروسہ بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم مذاکرات کے ذریعے کشیدگی میں کمی اور اختلافات دور کرکے تعاون کے ذریعے بہتر مستقبل کی راہ ہموار کرسکتے ہیں۔چین کے اہم سفارتکار کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات فضائی حملوں کے بعد کشیدگی سے دوچار ہیں۔