کرونا وائرس: وہ بحری جہاز جس کے مسافروں کو بغیر کھڑکی والے کیبنز میں محصور کردیا گیا
دنیا بھر میں جہاں کرونا وائرس نے سب کو خوفزدہ کردیا، وہیں سب سے زیادہ اذیت ناک صورتحال میں برطانیہ کے اس بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز پر سوار مسافر آگئے جنہیں وائرس کے پیش نظر جہاز سے اترنے سے روک دیا گیا اور اندر ہی محصور کردیا گیا۔ ڈائمنڈ پرنسسز نامی یہ کروز شپ تین فروری کو ہانگ کانگ سے جاپان پہنچا تھا اور یہیں اس میں سوار ایک مسافر میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ اس کے بعد اس جہاز پر موجود 3 ہزار سے زائد افراد کو جہاز میں ہی محصور کردیا گیا، بعد ازاں جہاز کے 600 مسافروں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ کئی دن بعد سخت اسکریننگ کے بعد جہاز کے مسافروں کو باہر نکالا گیا اور کرونا وائرس کی علامات نہ رکھنے والے افراد کو ان کے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ جہاز کے مسافروں میں شامل 63 سالہ کارلن رائٹ کے لیے اس جہاز پر گزارے گئے دن ایک بھیانک خواب کی مانند ہیں۔