ٹانک: دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائی، وزیرِاعظم کا فورسز کو خراج تحسین
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا پوری قوم افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کی معترف ہے، سیکیورٹی فورسز کی بے مثال قربانیوں کے باعث دہشتگردی کا خاتمہ ہوا۔ سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت ہی امن کی شمع روشن ہوئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹانک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر آپریشن کیا۔ گھیراؤ میں آنے پر دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کرنل مجیب الرحمان شہید ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ مارے جانے والے دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود اور مواصلاتی آلات قبضے میں لے لیے گئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 46 سالہ شہید کرنل مجیب الرحمان کا تعلق استور کے علاقے بونجی سے تھا۔ انہوں نے سوگوران میں ایک بیوہ، 3 بیٹے اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔