این سی اے میں مقابلہ پوسٹر اور شجرکاری مہم کا آغاز
نیشنل کالج آف آرٹس لاہور میں طلبہ کے درمیان ماحولیاتی تبدیلیوں کے موضوع پرپوسٹرزبنانے کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا انعقاد وزیر اعظم کے گرین یوتھ موومنٹ پروگرام کے زیر اہتمام کیا گیا۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوان شزا فاطمہ خواجہ نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے موضوع پر بنے پوسٹرز کی نمائش کا افتتاح کیا۔ نمائش کے شرکا نے این سی اے ڈیزائن ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ کے تخلیقی پوسٹرز کوبہت سراہا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوان شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے شجرکاری ناگزیر ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ این سی اے آنے کی ہمیشہ خواہش تھی۔این سی اےایک تاریخی ادارہ ہے اور یہاں کے طلبا بیرون ملک میں بڑے عہدوں پر پہنچ کر پاکستان کا نام روشن کرتے ہیں۔ نیشنل کالج آف آرٹس کی آرٹ کے لئے گراں قدر خدمات ہیں۔ وائس چانسلر این سی اے پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری کا کہنا تھا کہ این سی اے کو سر سبز بنانے کیلئے مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔امید ہے کہ وزیر اعظم کاگرین یوتھ موومنٹ پروگرام ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ شزا فاطمہ خواجہ نے پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری کے ہمراہ پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا