یوسف رضاگیلانی سزایافتہ ہیں لیکن ٹس سے مس نہیں ہورہے، عدالت کی حکم عدولی کی جارہی ہے۔ نوازشریف
رتو ڈیرو سندھ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے صدر میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ یوسف رضاگیلانی سزایافتہ ہیں لیکن وہ ٹس سے مس نہیں ہوتے، انہوں نے کہا کہ عدالت کی حکم عدولی کی جارہی ہے۔ صدر زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نواشریف نے کہا کہ صدر زرداری نے ملک کو لوڈشیڈنگ کا تحفہ دیا، مشرف دور میں دس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی جو اب بڑھ کر بارہ سے چودہ گھنٹے ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوٹ مار کے چھ سو کروڑروپے سوئس بینکوں میں پڑے ہیں، ملک کے خون پسینے کی کمائی ملک میں واپس آنی چاہئے۔نوازشریف کا کہنا تھا کہ سندھ میں سیلاب کے دوران حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آئی حالانکہ سندھ کے ووٹ سے منتخب ہونے والے صدر زرداری کو عوام کے درمیان ہونا چاہئے تھا۔ اس موقع پر ممتاز بھٹو کی اصول پرستی کی تعریف کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ ممتاز بھٹو نے اصولوں کی خاطر اقتدار کو ٹھوکر ماری، ان کے ساتھ مل کر ادھورے کام مکمل اور ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔