خاکی والوں نے تیس اپریل کو شریفانہ وارننگ دے دی ہے اب ہمارے سیاستدانوں کو ذمہ داری سے کام لینا ہوگا. سینٹر مشاہد حسین
ایوان کارکنان میں مواحد حسین سید کی کتاب کی تقریب رونمائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے جنرل سیکرٹری اور سینٹر مشاہد حسین نے وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت کیس پر حکمرانوں اور مسلم لیگ ن میں جاری جنگ کے حوالے سے واضح الفاظ میں کہا کہ اب لانگ مارچ اور ایک نکاتی ایجنڈے کی بات نہیں ہونی چاہیے انیس سو ستتر اور انیس سو ننانوے میں ایسی باتوں کا نتیجہ سیاستدانوں سمیت پوری قوم نے بھگتا ہے۔ دو ہزار نو کوہو نے والے لانگ مارچ پر بھی راول پنڈی سے ایک خاکی والے کا فون آیا اور لانگ مارچ بھی رک گیا جبکہ ججز کو بھی بحال کر دیا گیا اب بھی تیس اپریل کو خاکی والوں کی جانب سے شریفانہ الفاظ میں وارننگ آ چکی ہے مشاہد حسین سید نے کہا کہ ہمارا موقف ہے کہ عدلیہ کے فیصلے کی پابندی ہر شخص پر لازم ہے لیکن اس معاملے پر چند دوستوں کو جلد بازی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے اگر لانگ مارچ کرنا ہے تو عوامی مسائل توانائی کے بحران ، مہنگائی اور معیشت پر کریں ۔ انہوں نے صحافیوں کوخوش خبری دی کہ مسلم لیگ ق صحافیوں کے لیے بہت جلد انشورنس پلان کا اجرا کر رہی ہے۔