کراچی اسٹاک ایکسچنج سےگزشتہ روز کی مندی کے بادل آج چھٹ گئے ہنڈریڈ انڈیکس ایک بار پھر چودہ ہزار چھ سو پوائنٹس کی سطح عبورکرگیا۔
کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت ہوا لیکن آغاز کے کچھ ہی دیربعد مارکیٹ شئیرز کی فروخت کے دباؤ میں آگئی،انرجی اوربینکنگ سیکٹر میں شئیرز کی فروخت نے انڈیکس کو ٹریڈنگ کے دوران چودہ ہزار پانچ سو پوائنٹس کی سطح پر پہنچادیا تاہم کاروبار کے اختتام پر جہانگیر صدیقی کمپنی ، سیمنٹ اسٹاکس اور فرٹیلائزرسیکٹر کی بیشتر کمپنیوں میں زبردست تیزی نے مارکیٹ کی مندی کو تیزی میں تبدیل کردیا۔ کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس ننانوے پوائنٹس اضافے کے بعد چودہ ہزارچھ سو تیرہ پوائنٹس پربند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی کاروباری حجم میں بھی پانچ کروڑ شئیرزکی بہتری دیکھی گئی اور کاروبار کے اختتام تک اکتیس کروڑ شئیرزکے سودے ہوئے۔ پی ٹی سی ایل کمپنی کے شئیرز میں سب سے زیادہ لین دین ہوا جب کہ لوٹے پاکستان پی ٹی اے ، ڈی جی خان سیمنٹ اورجہانگیر صدیقی کمپنی کے حصص میں نمایاں خریدو فروخت ہوئی۔