پیپلز پارٹی کے جیالوں نے فرانس و یورپ میں ہونے والی نامزدگیوں کو علاقائی اور برادری ازم قرار دے دیا۔
پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے دیرینہ ورکرز اور جیالوں نے پیرس میں ایک پریس کانفرنس جس کی صدارت سابق کوآرڈینیٹر یورپ کامران گھمن نے کی۔پریس کانفرنس میں پیپلز پارٹی کے سینئر راہنماؤں نے یورپ اور فرانس میں ہونے والی نامزدگیوں پر اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی محترم بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ یورپ میں تنظیم سازی پر ورکرز سے مشاورت کی جائے گااوورسیز کمیٹی جس کہ ذمہ داری تھی کہ تمام ورکرز سے تمام ممالک میں ملاقات کر کے ان سے عہدے داران کے نام لئے جائیں گے اور ان میں سے جو پارٹی کےلئے کام کرنے والے ورکرز ہیں ان کو ذمہ داریاں دی جائیں گی ، لیکن افسوس کہ علاقے اور برادری ازم کی بنیاد پر ان لوگوں کی نامزدگیاں کی گئیں جنکی پارٹی کے لئے کوئی خدمات نہیں ہیں اور ناہی پارٹی سے کوئی نظریاتی وابستگی ہے۔ اور پیپلز پارٹی کے وہ ورکرزجنہوں نے گزشتہ کئی سال سے فرانس اور یورپ میں پارٹی کو زندہ رکھا ہؤا ہے ان کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا گیا ہے۔ ہمارا احتجاج پیپلز پارٹی کی قیادت کےخلاف نہیں ہے ہم پیپلز پارٹی کے نظریاتی ورکرز ہیں اور ہمارا جینا مرنا پارٹی کےلئے ہے لیکن ہم قیادت کو پارٹی ورکرز کے خلاف ہونے والی اس سازش سے بھی آگاہ کرنا چاہتے ہیں ۔ کہ کس طرح دیرینہ اور مخلص کارکنوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے اور ذاتی تعلقات کی خاطر پارٹی کو یورپ میں تباہ کیا جارہا ہے۔ پریس کانفرنس میں پیپلز پارٹی فرانس کے جیالوں نے شرکت کی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔