سابق وزیراعظم پر دشمن ملک میں پیسہ بھیجنے کا الزام سنجیدہ معاملہ ہے۔ وزیراعظم
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں نیب پر کھل کر تنقید کی۔ کہا نیب کو سیاسی جماعتیں توڑنے کے لیے بنایا گیا تھا۔ نیب کی جانب سے ایک پریس ریلیز میں سابق وزیر اعظم نوازشریف پر الزام لگایا گیا۔ کہا گیا کہ سابق وزیراعظم نے چار اعشاریہ نو ارب ڈالر ہندوستان بھجوائے۔
اداروں کی جانب سے الزامات لگائے جائیں تو یہ خطرے والی بات ہے۔ نیب کی وجہ سے جو حالات پیدا ہو رہے ہیں اسکی مثال نہیں ملتی۔ انکا کہنا تھا کہ ہمیں انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیئے۔ سابق وزیراعظم پر دشمن ملک پر پیسہ بھیجنے کا الزام سنجیدہ معاملہ ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایوان نیب کو طلب کرکے پوچھے کہ کس بنیاد پر انہوں نے یہ الزام لگایا۔ موجودہ حالات میں اس طرح کے الزامات پری پول دھاندلی کے زمرے میں آتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قومی اسمبلی کے رول دوسوچوالیس کے تحت معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی بنائی جائے۔ کمیٹی چیئرمین نیب کو طلب کرکے پوچھے کہ اصل حقائق کیا ہیں۔ ابھی بھی وقت ہے احتساب ایکٹ میں ترمیم کو پاس کرنا ہے تو ہم تیار ہیں۔