حمزہ شہباز کیخلاف مکمل ثبوت ہیں : نیب
حمزہ شہباز کیخلاف مکمل ثبوت ہیں : نیبقومی احتساب بیورو (نیب) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کےخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مکمل ثبوت موجود ہیں۔ جی این این کے مطابق ایک بیان میں ترجمان نیب نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زیادہ اثاثہ جات کیس میں گواہان اور دستاویز موجود ہیں۔نیب گواہان اور شواہد احتساب عدالت لاہور میں پیش کرے گا، عدالت میں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا ۔ ترجمان نیب نے کہا کہ حمزہ شہباز کی ضمانت لاہور ہائی کورٹ مسترد کر چکی ہے۔ حمزہ شہباز کی بے گناہی کا فیصلہ کرنا بھی عدالت کا اختیار ہے، نیب کسی دھمکی، دباؤ، بے بنیاد پراپیگنڈہ کی پرواہ کیے بغیر اپنے فرائض انجام دیتا رہے گا۔ خیال رہے کہ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ آٹا چینی چوروں کو بچانے کےلئے حمزہ شہباز کو جیل میں ڈالا گیا ہے اور نیب ابھی تک کوئی ریفرنس دائر نہیں کرسکا کیونکہ نیب کے پاس کوئی شواہد موجود نہیں ہے۔ واضح رہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں لاہور کی احتساب عدالت نےحمزہ شہباز کو 12 مئی کو ہر صورت پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔