شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت ملنا نظام بوسیدہ ہونے کا اظہار ہے ، فواد چودھری
اسلام آباد (92 نیوز) فواد چودھری کا کہنا ہے شہبازشریف کو باہر جانے کی اجازت ملنا نظام بوسیدہ ہونے کا اظہار ہے۔حکومت نے شہباز شریف سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر اپیل کرنے کا اعلان کر دیا۔ فواد چودھری اور شہزاد اکبر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔فواد چودھری نے کہا ڈاکٹر یاسمین راشد شہبازشریف سے زیادہ بیمار ہیں۔ یاسمین راشد اپنا علاج پاکستان میں کرا رہی ہیں۔ شہبازشریف کو باہر جانے کی اجازت دینے کا مطلب ہوگا ہزاروں قیدیوں کے حقوق کو ایک طرف رکھ دیں۔ جس طریقے سے یہ باہر آئے ہیں اس سے تاثر پیدا ہوتا ہے بڑے لوگ جالے کو توڑ کر باہر نکل رہے ہیں۔فواد چودھری نے کہا عدالتی فیصلوں کا بہت احترام ہے ۔ اس فیصلے کے حوالے سے قانونی آپشن موجود ہیں۔ اپوزیشن بھی یہ سمجھتی ہے نوازشریف مفرور ہیں۔ آصف زرداری نے بھی مریم نواز کو کہا تھا تحریک چلانی ہے تو نوازشریف پہلے واپس آئیں۔ شریف فیملی اور عام لوگوں کیلئے قانون برابر ہونا چاہیے۔ نظام کیخلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔