آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت آج ہوگی۔
سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت آج ہوگی۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان عمرعطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت کرے گا۔ صدرعارف علوی کی جانب سے منحرف اراکین کی سزا سے متعلق آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ سے راۓ مانگی گئی۔ سپریم کورٹ نے عید سے قبل متعدد سماعتیں کیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے منحرف اراکین کو تاحیات نااہل کرنے کی بھی استدعا کی گئی تاہم ججز کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ پارٹی پالیسی سے انحراف کی سزا کا آئین میں تعین نہیں کیا گیا۔ رکن اسمبلی کی سزا صرف ڈی سیٹ ہے اس کی تاحیات نااہلی آئین میں نہیں لکھی تو کیسے کسی کو زندگی بھر کے لیے نااہل کیا جاسکتا ہے، کیا یہ بہتر نہیں کہ عدالت یہ معاملہ قانون سازوں پرچھوڑ دے کہ وہ آرٹیکل 63 اے سے متعلق سزا کا تعین کریں۔اٹارنی جنرل سمیت متعدد فریقین اپنے دلائل مکمل کر چکے ہیں۔ حکومت کی تبدیلی کے بعد اٹارنی جنرل بھی تبدیل ہوچکے ہیں۔باقی رہ جانے والے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد نئے اٹارنی جنرل اپنا جواب الجواب جمع کرایں گے جس کے بعد عدالت اس معاملے کا حتمی فیصلہ کرے گی۔