عمران نیازی نے سراج الدولہ اور میر جعفرکا ذکر کر کے اداروں کو نشانہ بنایا:شہباز شریف

قومی اسمبلی سے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے ایبٹ آباد جلسے سے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی نے پاکستان کے ادارے کے بارے میں جو بدترین گفتگو کی ہے، سراج الدولہ اور میر جعفر کا نام لے کر جو مثال دی ہے، اس سے بڑی کوئی اور حرکت نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ادارے کے خلاف جو زہر اگلا ہے یہ پاکستان اور اس ادارے کے خلاف ایک سازش ہے، اگر اسے آئینی اور قانونی راستے سے نہ روکا گیا تو یہ ملک شام اور لیبیا کی بدترین اور بھیانک تصویر بن جائے گا، جہاں پر شہروں کے شہر قبرستان کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ تو لاڈلے تھے، آپ کو اس ادارے نے بچے کی طرح دودھ پلایا، پچھلے 75 سال میں اس ادارے نے پاکستان کی کسی حکومت کسی وزیر اعظم کو اس طرح سپورٹ نہیں کیا جس طرح عمران خان نیازی کو کیا، اس کی بدقسمتی تھی کہ اس باوجود اس نے کچھ نہ سیکھا۔