جعلی حکومت قوم کو متحد کرنے کے بجائے مزید تقسیم کر رہی ہے۔بیرسٹر محمد علی سیف کی وفاقی حکومت پر شدید تنقید

May 09, 2025 | 10:00

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اور پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اس وقت نازک موڑ پر کھڑا ہے، لیکن جعلی حکومت قوم کو متحد کرنے کے بجائے مزید تقسیم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے منتخب وزیر اعلیٰ کو اپنے ہی بانی چیئرمین سے ملاقات سے روکنا آئینی اور قانونی خلاف ورزی ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے منتخب وزیر اعلیٰ کو پنجاب حکومت کے احکامات پر روکا گیا جو آئین اور جمہوریت کے منافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے احکامات پر پنجاب پولیس عدالتی احکامات کی بھی دھجیاں اڑا رہی ہے۔ بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ شریف خاندان بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے دوستی کی خاطر قوم کو تقسیم کر رہا ہے۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہی اس وقت قوم کے حقیقی رہنما ہیں اور ملک کو موجودہ بحران سے نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جعلی حکومت نے ریاستی اداروں کو کمزور کر دیا ہے۔ ان کے مطابق قوم اب مزید فریب اور دھوکے برداشت نہیں کرے گی اور بانی چیئرمین کی رہائی ناگزیر ہو چکی ہے۔

مزیدخبریں