وفاقی وصوبائی حکومتیں دہشت گردی کی روک تھام اورعوام کے جان ومال کے تحفظ میں مکمل طورپرناکام ہوگئی ہیں۔ الطاف حسین

ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپر اراکین رابطہ کمیٹی، ارکان پارلیمنٹ اورمختلف تنظیمی شعبہ جات کے ارکان کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ سپریم کورٹ نے تو تین روز پہلے کہاکہ کراچی میں بڑی تعدادمیں طالبان آرہے ہیںجبکہ انہوں نے کئی سال پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا۔انہوںنے کہاکہ وفاقی وصوبائی حکومتیں دہشت گردی کی روک تھام اورعوام کے جان ومال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں ،اگر وہ بے بس ہیں تو مستعفی ہو جائیں۔انکا کہنا تھا کہ حکام کو نہ صرف خدا کے سامنے جواب دینا پڑےگا بلکہ عوامی حمایت میں بھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ تمام اداروں کودہشت گرد ی کی روک تھام کیلئے اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں۔انہوںنے عوام کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ لوگ بغیر کسی مذہب، فقہ اور مسلک کے متحد ہو کر ظلم کے سامنے سیسہ پلائی دیواربن جائیں۔ الطاف حسین نے خودکش حملے میں شہید ہونے والے رینجرز اہلکاروں کیلئے دعائے مغفرت بھی کی۔