پاکستانی مصنوعات کو یورپی منڈیوں تک رسائی کے لیے یورپی یونین کی جانب سے دی گئی مراعات پر پندرہ نومبر سے عمل ہوگا۔

سیکرٹری تجارت منیر قریشی کے مطابق پاکستان کو یورپی منڈیوں تک رسائی کے حوالے سے دی گئی مراعات سے متعلق نوٹیفکیشن چودہ نومبر کو جاری کیا جائے گا جبکہ اس پر عمل درآمد پندرہ نومبر سے ہوگا۔ وزارت تجارت کے مطابق یورپی پارلیمنٹ نے پاکستان کو مراعات کے حوالے سے بل کی منظوری تیرہ ستمبر کو دی تھی جس کے تحت پاکستان کی پچھتر اشیاء کو یورپی منڈیوں تک رسائی ملے گی۔ ان اشیاء میں نان ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سے متعلقہ تینتیس، ٹیکسٹائل گارمنٹس کی تیئیس، ہوم ٹیکسٹائل سے متعلقہ آٹھ، ویلیو ایڈڈ لیدر سے متعلقہ چار، فٹ ویئرکی تین، خام چمڑے کی دو اشیا شامل ہیں جبکہ مراعاتی پیکج کے تحت ایتھانول اور سبزیاں بھی شامل ہوں گی۔