جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی ڈاکٹرعشرت العباد خان کی جگہ سندھ کے نئے گورنر کے طورپرذمہ داریاں سنبھالیں گے

جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی یکم جولائی 1999سے 26 جنوری 2000تک پاکستان کے پندرہویں چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہے،،سعید الزمان صدیقی1938میں لکھنو کی ایک مڈل کلاس فیملی میں پیدا ہوئے، انہوں نے میٹرک لکھنو اورانٹرمیڈیٹ کا امتحان ڈھاکہ سے پاس کیا ، 1958 میں انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی، دو سال تک مزید زیر تعلیم رہنے کے بعد1961 میں انہوں نے وکالت کا باقاعدہ آغاز کیا ،1963میں ہائیکورٹ اور 1969 میں سپریم کورٹ میں وکالت کیلئے انرول ہوئے،،وکلا سیاست میں بھی خاصے سرگرم رہے ، پانچ مئی 1980 کو سندھ ہائیکورٹ کے جج مقرر ہوئے اور پانچ نومبر1990 کوانہیں چیف جسٹس سندھ بنادیا گیا،،1992میں سپریم کورٹ کے جج مقرر ہوئے اور یکم جولائی 1999کو وہ چیف جسٹس آف پاکستان مقرر ہوئے ۔1990 میں وہ تین دن تک قائم مقام گورنر سندھ کے عہدے پر بھی فائز رہے،جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کو اصل شہرت 1999 میں اس وقت حاصل ہوئی جب انہوں نے جنرل پرویز مشرف کے نافذ کردہ عبوی آئین(پی سی او)کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا، جس کی پاداش میں انہیں جبراً عہدے سے ہٹادیا گیا ۔سعید الزماں صدیقی 2008 میں آصف علی زرداری کے مقابلے میں مسلم لیگ ن کے صدارتی امیدوار تھے۔