ہیلری کلنٹن کے حامیوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کو دل سے قبول نہیں کیا, مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے۔
امریکہ کے صدارتی انتخاب میں ہیلری کلنٹن نے تو اپنی شکست خوشدلی سے تسلیم کر لی۔۔ لیکن ڈیموکریٹ پارٹی کے جذباتی کارکن ہار ماننے کو تیار نہیں تھے۔۔ ٹرمپ کے صدر بننے کے اعلان کے ساتھ ہی واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے باہر ہیلری کے حامی اکٹھے ہو گئے جہاں ٹرمپ کے سپورٹر پہلے ہی جشن منانے کے لیے موجود تھے۔ دونوں پارٹیوں کے حامی آمنے سامنے آ گئے، ہیلری کے حامیوں نے ٹرمپ کے خلاف نعرے لگائے۔ کیلیفورنیا میں 3 ہزار طلبہ سڑکوں پر نکلےاور ٹرمپ کے خلاف نعرے لگائے،مظاہرین نو مور ٹرمپ کے نعرے لگاتے رہے۔۔پورٹ لینڈ میں بھی مظاہرین نے سڑک بلاک کرکے مظاہرہ کیا اور امریکی پرچم کو آگ لگا دی، جس سے صورتحال کشیدہ ہو گئی، تاہم پولیس نے صورتحال کو کنٹرول کیا۔ اس سے پہلے جیسے جیسے امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج واضح ہوتے گئے، ہیلری کلنٹن کے حامیوں کی مایوسی بھی بڑھتی چلی گئی،، کئی کارکن اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور زاروقطار رو پڑے۔ دوسری جانب ری پبلکن امیدوار ٹرمپ نے میدان مارا تو ان کے کیمپ میں جشن کا آغاز ہوگیا ہے،ٹرمپ کے حامی سڑکوں پر نکل آئے اور رقص کرتے جیت کی خوشیوں میں جشن مناتے رہے۔