علامہ اقبال کے افکار نے مایوسی اور نا امیدی کے ماحول میں امید کا چراغ روشن کیا: خاقان عباسی
یومِ اقبال کے موقع پر وزیرِ اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبال ہماری فکری روایت کا سب سے روشن حوالہ ہیں۔ انہوں نے مسلمانانِ ہند کو ایک ایسے دور میں منزل کا راستہ دکھایا جب ان کے تہذیبی وجود کو کئی خطرات لاحق تھے۔ علامہ اقبال کے افکار نے مایوسی اور نا امیدی کے ماحول میں امید کا وہ چراغ روشن کیا جس نے نہ صرف منزل بلکہ راستے کی بھی نشاندہی ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کے افکار کی روشنی میں جمہوری اصولوں کی بنیاد پر اپنی سیاسی تشکیل نو کرنی چاہیے۔ جمہوری اقدار سے ہم آہنگ رہتے ہوئے شہریوں کو سیاسی اور سماجی عمل کا حصہ بنا ناچاہیے۔ علامہ اقبال کی فکر سے اظہار یکجہتی کا تقاضا ہے کہ سب پاکستانی مستحکم اور خود مختار پاکستان کے لیے انتشار پھیلانے والی قوتوں کے خلاف متحد ہوجائیں۔