ایم کیو ایم اور پاک سرزمین پارٹی کا اتحاد کا خواب چوبیس گھنٹے میں ہی چکنا چور ہو گیا
کراچی کی سیاست میں بڑی تبدیلی کے دعوے چوبیس گھنٹے میں ہی ہوا ہو گئے۔ ایم کیو ایم نے پی ایس پی کے ساتھ اتحاد کے اگلے ہی روز یوٹرن لے لیا۔ کراچی میں کنور نوید کی زیر صدارت ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کنور نوید نے کہا کہ فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس میں کچھ ابہام رہ گیا جسے وہ دور کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم بطور سیاسی پارٹی برقرار رہے گی۔۔ آئندہ انتخابات پارٹی پرچم اور پتنگ کے انتخابی نشان پر لڑیں گے۔ کنور نوید نے کہا کہ ایم کیو ایم جیسے ایک روز پہلے تھی ویسے ہی رہے گی۔۔ دو ہزار تیرہ کے انتخابات میں جو نشستیں ہم نے جیتیں اس پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہو گی۔ کنور نوید نے یہ تو نہیں بتایا کہ اتنے اہم اجلاس سے فاروق ستار کیوں غائب تھے تاہم یہ ضرور بتا دیا کہ رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ کنور نوید کا کہنا تھا کہ کارکن افواہوں پر کان نہ دھریں۔۔ ٹی وی کے کچھ اینکرز جو مرضی کہیں لیکن اصل صورتحال وہی ہے جو وہ بتا رہے ہیں۔