ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہماری ترجیح ہے, وزیراعظم عمران خان
اسلام آباد میں انسداد پولیوکے بارے میں قائم قومی ٹاسک فورس کےاجلاس کی صدارت کرتے ہوئےوزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہماری ترجیح ہے۔ بچوں کے مستقبل کو پولیو سےمحفوظ بنانے کیلئےوفاقی حکومت صوبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔ملک سےاس مرض کے مکمل خاتمے کیلئے صوبائی حکومتیں مربوط اقدامات کریں اور مہم میں مذہبی راہنماوں اورمقامی عمائدین کو بھی شامل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کیلئے ٹاسک فورس کے اجلاس تواتر سے منعقد کیے جائیں۔پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئےوزیر اعظم نے اس اہم مقصد کے حصول کےلیے عالمی شراکت داروں کےتعاون پر شکریہ ادا کیا۔ٹاسک فورس کےاجلاس میں فوکل پرسن بابر بن عطا نےموجودہ صورتحال اورانسداد پولیو کے لیے آئندہ کی منصوبہ بندی سے متعلق بریفنگ دی۔ پاکستان آرمی کے انجینئر ان چیف لیفیٹنٹ جنرل محمد افضل نے شرکاء کو بتایا کہ جن علاقوں میں سیکورٹی مسائل درپیش ہیں وہاں ٹیموں کو سیکورٹی اور ساز گار ماحول فراہم کرنے کیلئے پاک فوج تعاون جاری رکھے گی۔ وزرائے اعلیٰ نے بھی اپنے صوبوں میں پولیو کے خاتمے کے حوالےسےکئےگئےاقدامات سے آگاہ کیا۔پنجاب ، سندھ اور گلگت بلتستان کےوزراء اعلیٰ ، خیبر پختونخوا کے گورنر ،وزیرصحت عامر محمود کیانی ، عالمی اداروں اور متعلق حکام نے انسداد پولیو کی قومی ٹاسک فورس کے اجلاس میں شرکت کی۔