ایران: ریاست مخالف پروپیگنڈے کے الزام میں دو خواتین صحافیوں پر فرد جرم عائد

ایران کی عدالت نے ریاست مخالف پروپیگنڈے کے الزام میں 2 خواتین صحافیوں پر فرد جرم عائد کیا ہے جہاں اخلاقی پولیس کی تحویل میں مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد ملک بھر میں جاری احتجاج ختم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق عدلیہ کے ترجمان مسعود سیتائشی نے تہران میں ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ ایک ماہ سے زائد عرصہ تحویل میں رہنے والی دونوں خواتین صحافیوں نیلوفر حمدی اور علیحہ محمدی کو ’نظام کے خلاف پروپیگنڈا کرنے اور قومی سلامتی کے خلاف سازش کرنے کے جرم میں ریمانڈ پر تحویل میں دیا گیا ہے۔‘
رپورٹ کے مطابق 30 سالہ خاتون صحافی نیلوفر حمدی ہم میہان اخبار کی نامہ نگار ہیں جن کو 20 ستمبر کو اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب انہوں نے اس ہسپتال کا دورہ کیا تھا جہاں مہسا امینی نے ہلاکت سے قبل تین دن تک گزارے تھے۔