وزیراعظم محمد شہباز شریف سے انفارمیشن گروپ کے  51ویں کامن ٹریننگ پروگرام کےپروبیشنری افسران کی ملاقات

Nov 09, 2024 | 13:18

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے انفارمیشن گروپ کے 51ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے پروبیشنری افسران نے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ پروبیشنری افسران، اپنی ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد وزارت کے مختلف اداروں میں اپنی تعیناتی کے منتظر ہیں.  وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات محترمہ عنبرین جان بھی ملاقات میں موجود تھیں۔ وزیر اعظم نے افسران کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور عوام کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنے، شفافیت کو یقینی بنانے اور اعتماد کو فروغ دینے میں انفارمیشن گروپ کے افسران کا اہم کردار ہے۔ وزیر اعظم نے دور حاضر کے تیزی سے تبدیل ہوتے ہوئے میڈیا کے منظر نامے میں مؤثر ابلاغ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کی حوصلہ افزائی کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ تمام افسران اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی بہبود کے لیے مضبوط عزم کے ساتھ ادا کریں گے۔ افسران نے ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود میں اپنا حصہ ڈالنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ افسران کے ساتھ بات چیت کے دوران وزیر اعظم نے قومی یکجہتی کو فروغ دینے اور شہریوں کو اہم حکومتی اقدامات کے بارے میں تعلیم دینے میں سٹیٹ میڈیا اور انفارمیشن گروپ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پروبیشنری افسران کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ جمہوری عمل میں عوام کی شمولیت کو بڑھانے کے لیے جدید مواصلاتی آلات کو بروئے کار لانے کے لیے سرگرم رہیں۔

مزیدخبریں