مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے جلسوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی کےانتظامات مکمل

لاہور کے حلقہ این اے ایک سو بائیس میں ضمنی انتخاب کی مہم کے دوران مسلم لیگ ن سمن آباد کرکٹ گراؤنڈ میں سیاسی میدان سجائے گی جبکہ تحریک انصاف قرطبہ چوک پراپنی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ ایک ہی شہر میں دوبڑے جلسوں پرضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب جلسے کی سیکیورٹی کیلئے اعلی پولیس حکام بھی متحرک نظر آرہے ہیں ۔ڈی سی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان، سی سی پی او امین وینس ،ڈی آئی جی حیدر اشرف نے دونوں جلسہ گاہوں کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سی سی پی او امین وینس کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کے جلسے کے لیے تقریبا ایک ایک ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ تھری لیئر سیکیورٹی حصار فراہم کیا جائے گا جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے ایلیٹ فورس کے جوان موجود ہوں گے. ڈی سی او لاہور کا کہنا تھا کہ حلقہ این اے سو بائیس کا ضمنی انتخاب انتہائی اہم ہے جلسے میں آئے لوگوں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا.ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کو سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں لہذا مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے جلسوں کی سیکیورٹ میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔