ایم کیو ایم کا اسمبلیوں سے استعفے واپس لینے کا اعلان

پنجاب ہاؤس میں متحدہ رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی شکایات دور کرنے کیلئے پانچ رکنی ازالہ کمیٹی بنا دی ہے جو نوے دن میں معاملات کا حل پیش کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ سول اور ملٹری قیادت ایک پیج پر ہیں، ایم کیو ایم کے حکومت میں آنے کی باتیں بے بنیاد ہیں اور نہ ہی ایسی کوئی بات معاہدے میں کی گئی ہے۔
اس موقع پر متحدہ رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن ان کی مرضی سے شروع ہوا تھا اور وہ یہ چاہتے ہیں کہ کراچی سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو، ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے تمام شکایات کو دور کرنے کی مکمل یقین دہانی کراوائی ہے، ایم کیو ایم صوبائی اور قومی اسمبلی سے پیر سے استعفے واپس لے گی۔ پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں حکومت کی جانب سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار وزیر اطلاعات پرویز رشید اور انوشہ رحمان نے شرکت کی جبکہ ایم کیو ایم کی مذاکراتی ٹیم میں ڈاکٹر فاروق ستار کنور جمیل اور طاہر مشہدی شامل تھے۔