گالیاں دینے والے کھیل کود کی سیاست سے باہر آ جائیں: نواز شریف
شیخوپورہ میں بگھی پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے، گزشتہ بیس تیس سالوں سے ملکی معاملات کو انتہائی پیچدہ کردیاگیا، ہم نے بڑی مشکل سے اسے سیدھا کر کے اس مقام پر پہنچایا، پچانوے ارب میں لگنے والا بگھی پاور پلانٹ صرف پچاس ارب میں لگایا جارہا ہے، پیسہ بنانے والے ہوتے تو اسے پچانوے ارب میں ہی لگاتے- وزیراعظم نواشریف کا کہنا تھا کہ دو ہزار بارہ میں بارہ سے اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، سوا دو سال میں بجلی بحران پر پر کافی حد تک قابو پالیا۔ نواز شریف نے یہ بھی واضح کردیا کہ انہوں نے کبھی چھ ماہ میں بجلی بحران ختم کرنے کی بات نہیں بلکہ یہ کہا کہ دو ہزار اٹھارہ تک بجلی ختم کردیں گے، آج بھی اپنے وعدے پر قاْئم ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نام لئے بغیر کپتان پر بھی برسے،کہا کہ پاکستان کو چلانا خدمت ہے لیکن آسان کام نہیں۔ کنٹینر پر چڑھنے والے لوگوں کو یہ بات سمجھ نہیں آتی، ہمیں کھیل کود کی سیاست سے باہر آنا چاہیے، گالیاں نکالنے والوں کو کہتے ہیں کہ اللہ انہیں ہدایت دے۔اس طرح کی سیاست عوام قبول نہیں کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارا ہدف صرف بجلی کی پیداوار نہیں، سستی بجلی کی پیداوار ہے، بجلی سستی ہو گی تو ملک میں خوشحالی آئے گی، کئی دہائیوں سے ترقی کے الٹے پہیے کو واپس لارہے ہیں، اس سے قبل خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم ملک سے اندھیرےمٹانےکا وعدہ پورا کریں گے، چین کے تعاون سے بجلی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، آج خدا کی عدالت میں سرخرو ہیں۔