بھارتی سپریم کورٹ مودی کے خلاف بدعنوانی سکینڈل کی سماعت بدھ کو کریگی۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف فرانسیسی ساختہ لڑاکا طیاروں کی خریداری میں بدعنوانی کا سکینڈل سامنے آنے کے بعد اس معاہدے کی تفصیلات عدالت کو فراہم کرنے بارے دائر پٹیشن پر سپریم کورٹ میں سماعت بدھ کو ہوگی۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سپریم کورٹ نے وکیل ونیت ڈھانڈا کی اس پٹیشن پر بدھ کو سماعت کے لیے تاریخ مقرر کر دی ہے ۔درخواست گذار نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ وہ مرکزی حکومت کو معاہدے کی تفصیلی معلومات سیل بند لفافے میں عدالت کے حوالے کرنے کی ہدایت دے۔درخواست گزار نے متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) اور قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومتوں کے دوران رافیل طیارے کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ بھی پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔چیف جسٹس رنجن گوگوئی، جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس کے ایم جوزف پر مشتمل بنچ نے ونیت ڈھانڈا کی درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے کہا کہ وہ مذکورہ درخواست کی بدھ کو فرانسیسی ساختہ لڑاکا طیاروں کے سودے سے متعلق ایک اوردرخواست کے ساتھ مشترکہ سماعت کرے گی۔واضح ر ہے کہ وکیل منوہر لال شرما نے بھی اس سے قبل ایک درخواست دائر کرکے رافیل معاہدہ منسوخ کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔