بلاول بھٹو زرداری کی بھٹو کی سزا کے خلاف دائر صدارتی ریفرنس میں فریق بننے کی درخواست دائر
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹوکی سزا کے خلاف دائر صدارتی ریفرنس میں فریق بننے کی درخواست دائر کردی، بلاول بھٹو کی جانب سے فاروق ایچ نائیک ایڈوکیٹ کے توسط سے سپریم کورٹ میں دائردرخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو اپنی زندگی میں قانون کی حکمرانی قائم کرنا چاہتے تھے،بلاول بھٹو کے نانا کو پھانسی پر لٹکا دیا گیا لیکن انکا نظریہ قائم رہا، ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کا فیصلہ عدالتی نظام پر دھبہ ہے اوراس دھبے کو دھونے کیلئے ریفرنس میں فریق بننے کی درخواست دی ہے درخواست میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو نے اپنی زندگی میں برے حالات دیکھے، نانا کو پھانسی دی گئی، بلاول بھٹو کے ماموں کو قتل اور والدہ کو شہید کردیا گیا، شہید ذوالفقار علی بھٹو کو سزا دینے والے ججز میں تعصب موجود تھا، شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی عدالتی قتل تھا، بلاول بھٹو کی درخواست میں کہا گیاہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کے کیس میں آمر کے جوتے تلے قانون کو روندا گیا، درخواست گزار کے نانا کے ساتھ ناانصافی ہوئی، درخواست میں کہا گیا ہے کہ جسٹس (ر)نسیم حسن شاہ نے بھی تسلیم کیا کہ ذوالفقار بھٹو کیس کا فیصلہ دبا کے تحت کیا گیاجج کا یہ تسلیم کرنا مطالبہ کرتا ہے کہ عدالتی فیصلے میں موجود غلطی کی درستگی کی جائے، ایک معصوم شخص کو غلط طور پر سزا دی گئی،عدالت سے استدعاکی گئی ہے کہ انہیں ریفرنس میں فریق بننے کی اجازت دی جائے۔