خطے میں قیام امن کیلئے امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد تعلقات کے خواہاں ہیں : وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی
امریکی نائب وزیرخارجہ وینڈی آرشرمن نے پاکستانی قیادت سےملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات اورافغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے وینڈی آرشرمن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، معاشی تعاون ، علاقائی روابط کے فروغ اور خطے میں قیام امن کیلئے امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال عالمی برادری کی جانب ٹھوس اقدامات کی متقاضی ہے۔وزیرخارجہ نےاس امید کا اظہار کیا کہ افغانستان میں نیا سیٹ اپ امن اور استحکام کے ساتھ افغان عوام کی خوشحالی کے لیے کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغان عوام کی نمائندہ اور وسیع البنیاد حکومت بین الاقوامی برادری کے لیے قابل اعتماد شراکت دار ہو سکتی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئےمسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے۔امریکی نائب وزیر خارجہ نے افغانستان سےاپنےشہریوں کے انخلاء میں معاونت اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نےبلوچستان میں آنے والے زلزلے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ وینڈی آرشرمن نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان موسمیاتی تبدیلی اور متبادل توانائی کے حوالے مذاکرات میں ہونیوالی پیش رفت کی بھی تعریف کی ۔