میانمار کی سرکاری افواج اور اتنہا پسند بدھ ملیشیا کے مسلمانوں پر حملے جاری ہیں، مزید8 مسلم دیہاتوں کو نذر آتش کردیا گیا

میانمار میں مسلم کش کارروائیوں کا سلسلہ نہ رک سکا، عالمی دباؤ کے باوجود بھی برما حکومت، فوج اور انتہا پسند بدھ ملیشیا نہتے اور مظلوم مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، مزید آٹھ دیہاتوں میں مسلمانوں کے گھروں کو نذر آتش کردیا گیا، ظالموں نے آئی ڈی پیز کیمپوں کو بھی نہ بخشا اور وہاں بھی آگ لگا دی، متاثرہ علاقوں سے ہجرت کرنے والے روہنگیا مسلمانوں کے مطابق راکھائن میں فوج اور انتہا پسند بدھ بھکشوئوں نے مسلمان آبادی کا صفایہ کرنے کے لئے جلائو گھیرائو کی مہم جاری کررکھی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے میانمار حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کا احترام کرے، راکھائن میں فوری طور پر انسانی امداد کی بحالی اور صحافیوں کو داخلے کی اجازت دی جائے، دوسری جانب اقوام متحدہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ برما میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار ہوسکتی ہے۔ جبکہ ہجرت کر کے بنگلہ دیش پہنچنے والوں کی تعداد تین لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے