تحریک انصاف اور ذائقہ ریستوران کی طرف سے یوم دفاع پاکستان کی شاندار تقریب میں شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا
تحریک انصاف اور ذائقہ ریستوران کی طرف سے یوم دفاع پاکستان کی شاندار تقریب میں شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) فرانس میں یوم دفاع پاکستان کی شاندار تقریب کا اہتمام ذائقہ ریسٹورنٹ کے عمران یونس میمن نے کیا۔ تقریب کے آرگنائزر تحریک انصاف کے سینئر راہنما یاسر قدیر تھے۔ تحریک انصاف فرانس نے یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے اس تقریب کو “ ہمیں پیار ہے پاکستان سے “ کے عنوان سے منایا۔ اور تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نمائیندوں کو دعوت دی۔ مشترکہ تقریب میں تحریک انصاف فرانس ، مسلم لیگ ن فرانس ، پیپلز پارٹی فرانس ، کشمیر انٹرنیشنل پیس فورم فرانس ، جموں وکشمیر فورم فرانس ، عوامی تحریک فرانس ، فرانکو ویل ایسوسی ایشن فرانس ، مسلم لیگ ق فرانس کے نمائیندوں ، سفارت خانہ پاکستان فرانس کے افسران، پاکستانی کمیونٹی اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
جناب معین الحق سفیر پاکستان برائے فرانس نے پاکستان کی مسلح افواج کے شہداء اور غازیوں کو ان کی بے مثال قربانیوں اور وطن عزیز کا کامیابی سے دفاع کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ اپنے وطن عزیز کا دفاع کرتے ہوئے اپنے سے کئی گنا بڑے اور طاقتور دشمن کا مقابلہ غیرمعمولی جرات اور ماہرانہ انداز میں کیا ہے اور انہوں نے اپنی سرزمین پر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جو قربانیاں پیش کی ہیں وہ بے مثال ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشتگردی اور انتہاپسندی کا مقابلہ کرتے ہوئے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں جن کا اعتراف بین الاقوامی برادری بھی کرتی ہے۔
سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے اندرون ملک اور خطے میں امن و ترقی کا خواہاں ہے جس کیلئے پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ اور باہمی مفادات پر مبنی تعلقات قائم کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں دیرپا اور پائیدار امن قائم کرنے کیلئے مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بھی درخواست کی کہ وہ فرانس میں پاکستان کے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
اس تقریب کے دوران پاکستانی کمیونٹی کے نمائیندوں نے اپنی تقریروں کے دوران 1965 کی جنگ کے شہیدوں، غازیوں اور ان کے اہل خانہ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور انہوں نے اس بات کا بھی عہد کیا کہ وہ فرانس میں رہتے ہوئے اپنے ملک پاکستان کی ترقی، سالمیت اور دفاع میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے اور پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ملی نغمے بھی پیش کیئے گے۔