احسن اقبال کا صلاح الدین کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ
کامونکی: سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے صلاح الدین کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کر دیا۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے پولیس تشدد سے جاں بحق ہونے والے صلاح الدین کے والد اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی۔ بعد ازاں صلاح الدین کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ صلاح الدین کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،حکومتی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں،حکومت نے ایک سال میں ملک کو دس سال پیچھے دھکیل دیا ہے، حکومت پولیس تشدد کے واقعات روکنے کے لئے قانون سازی کرے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کے مارچ کے سلسلہ میں جلد اے پی سی بلائیں گے۔