زرداری احتساب عدالت اسلام آباد پہنچ گئے

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کے 3 نیب ریفرنسز کی سماعت کے سلسلے میں اسلام آباد کی احتساب عدالت پہنچ گئے۔ اسی پیشی کے سلسلے میں سابق صدر آصف علی زرداری گزشتہ شب کراچی سے اسلام آباد پہنچے، ان کی صاحبزادی آصفہ بھٹو بھی ان کے ہمراہ اسلام آباد آئی تھیں۔ زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچنے پر سابق صدر نے اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کی تھی۔ دوسری جانب نیب کی درخواست پر آصف زرداری، نواز شریف، یوسف رضا گیلانی، فریال تالپور سمیت 186 ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جا چکے ہیں۔ نیب نے جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کے کل 43 کیسز میں 52 ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن سے اب تک 23 ارب سے زائد کی رقم وصول کی جاچکی ہے۔ جعلی اکاؤنٹس کیسز میں سے اب تک 10 ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کیئے جا چکے ہیں، 12 کیسز انویسٹی گیشن کے مرحلے میں ہیں جبکہ 21 پر انکوائری جاری ہے۔