مقبوضہ بیت المقدس:فلسطینی خاندان کا مکان زبردستی مسمار کرادیا۔
القدس میں اسرائیلی بلدیہ نے سلوان میں بستان کالونی میں واقع ایک فلسطینی خاندان کا مکان زبردستی مسمار کرادیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطینی خاندان کا مکان 80 مربع میٹر پرتعمیر کیا گیا تھا جس میں 7 بچوں سمیت 9 افراد رہائش پذیر تھے۔ ان میں سے ایک بچے کی عمر دو سال بتائی جاتی ہے۔ اسرائیلی ریاستی جبر کے باعث اپنے ہاتھوں اپنا مکان مسمار کرنے کے بعد دویک خاندان کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پرمجبور ہے۔واضح رہے کہ قابض بلدیہ نے پولیس کی مدد سے دویک خاندان کونوٹس جاری کیا کہ وہ اپنا مکان خود مسمار کریں ورنہ بلدیہ ان کا مکان خود مسمار کرے گی اور اس کے بدلے میں خاندان سے جرمانہ کے طور پربھاری رقم وصول کی جائے گی۔اسرائیلی بلدیہ کی طرف سے دویک خاندان کو 2020 کو مکان مسمار کرنے کا نوٹس جاری کیا تھا۔ یہ مکان 2017 ء میں تعمیر کیا گیا تھا۔