پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کاروائی ، 25,532 لیٹرمضر صحت دودھ تلف
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گو جرانوالہ کے داخلی راستوں پر ناکہ بندی کر کے 25,532 لیٹرمضر صحت دودھ تلف کردیا گیا ہے جبکہ 308 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 74 ہزار 532 لیڑدودھ کی چیکنگ بھی کی گئی ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ چیکنگ کے دوران ٹیسٹ فیل ہونے پر 25 ہزار 532 لیٹر دودھ تلف کر دیا گیا ہے، ضائع کیے گئے دودھ کی ایل آر انتہائی کم تھی جبکہ اس میں یوریا اور پانی کی ملاوٹ بھی پائی گئی تھی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ ملاوٹی دودھ کا گاڑھا پن بڑھانے کے لیے مضر صحت پاڈر کا استعمال بھی کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ملاوٹ مافیا کے خلاف خصوصی آپریشن جاری ہیں، دودھ میں ملاوٹ کے خاتمے کے لیے موبائل ٹیسٹنگ لیبز کی تعداد میں بھی اضافہ کر رہے ہیں۔ واضح رہے ک ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز عدیل اسلم نے 10 گھنٹے طویل آپریشن کی نگرانی کی ہے۔