عالمی دنیا بڑھ چڑھ کر پاکستان کی مدد کرے۔وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس دورہ پاکستان پر ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہورہا ہے،عالمی دنیا بڑھ چڑھ کر پاکستان کی مدد کرے۔وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس میں انتونیو گوتریس نے کہا سیلاب ایک قدرتی آفت ہے، سیلابی صورتحال میں پاکستانی ایک دوسرے کی مدد کررہے ہیں، پاکستان حکومت اور عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ پاکستان میرے دل میں بستا ہے، یہاں بہت عرصہ کام کیا، تمام حمایت سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں، میں پاکستان کے لیے اجنبی نہیں ہوں، جو ممکن ہوا پاکستان کے لیے کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا موجودہ سیلابی صورتحال سے پاکستان کا اکیلے نمٹنا مشکل ہے، اس وقت ملک میں 3 کروڑ 30 لاکھ افراد مشکلات سے دو چار ہیں، اقوام متحدہ کی جانب سے حمایت، تعاون اہمیت کی حامل ہے۔ انتونیو گوتریس کی باتوں سے بہت متاثر ہوا ہوں۔اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس وزیراعظم ہاؤس پہنچے، وزیراعظم شہباز شریف نے انتونیو گوتریس کا استقبال کیا۔ ملاقات میں انتونیو گوتریس کو پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور نقصانات پر بریفنگ دی گئی۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے سیلاب سے نقصانات پر اظہار افسوس کیا، متاثرین کی مدد کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا دو روزہ دورے پاکستان پر اسلام آباد پہنچنے پر وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر نے ائیر پورٹ پر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا استقبال کیا۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سیلاب سے بے گھر خاندانوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ سیکرٹری جنرل یو این نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا بین الاقوامی برادری سے پاکستان کی بھرپور مدد کی اپیل کرتا ہوں۔