پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے عالمی برادری سے امداد کی اپیل کرتا ہوں: سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس
تفصیلات کے مطابق سیلاب زدگان کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان کا ایک تہائی حصہ سیلاب سے متاثر ہے اور پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے نمٹ رہا ہے تاہم موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کو روکا نہیں جاسکتا اور نہ ہی اس کے ساتھ مزاحمت کی جاسکتی ہے، پاکستان میں پاک فوج اور متعلقہ ادارے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے سرگرم ہیں۔ پاکستان وہ ملک ہے جس نے لاکھوں مہاجرین کو پناہ دی ہوئی ہے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ پاکستان میرے دل کے قریب ہے اور متاثرین کے لیے عالمی برادری سے امداد کی اپیل کرتا ہوں، ہماری کوشش ہے کہ ہم پاکستان کی اس مشکل گھڑی میں بھرپور مدد کریں۔انتونیو گوتریس نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو مدد فراہم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے اور متاثرین کو ریلیف فراہمی کے لیے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں جو کہ قابل تحسین ہے۔