سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو جلاؤ گھیراؤ اور شیرپاؤ پل پر اشتعال انگیز تقاریر کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیش کیا، جج عبہر گل خان نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مقدمے میں بغاوت، جنگ چھیڑنے اور عوام کو فسادات پر اکسانے کی دفعات شامل کر دی گئی ہیں، تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ نئے الزامات کی تحقیقات کیلئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا دوبارہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا اور 14 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ تھانہ سرور روڑ پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔