ملائشیا کے خلاف جیت کے لیے میدان میں اتریں گے:-محمد ثقلین

لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس)پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ اولمپئین محمد ثقلین کا کہنا ہے کہ ملائشیا کے خلاف جیت کے لیے میدان میں اتریں گے۔ایونٹ میں ملائشیا کی کارکردگی اتار چڑھاو کا شکار ہے جبکہ گرین شرٹس تسلسل کے ساتھ اچھے کھیل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ہم مخالف ٹیم کے کمزور شعبوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔ہماری ٹیم کی کارکردگی حوصلہ افزا ہے۔ وہ گولڈ کوسٹ آسٹریلیا سے نوائے وقت کیساتھ خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہے۔ہم ملائشیا کیخلاف میچ اچھے مارجن سے جیتنا چاہتے ہیں۔کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس میں بہتری آئی ہے۔ اب تک کھیلے جانیوالے میچز میں سب نے محسوس کیا ہو گا کہ میچ کے تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں بھی ہمارے پلئیرز میچ کے آغاز کے ٹیمپو سے کھیلتے رہے ہیں۔ برطانیہ کا شمار بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے اسکے خلاف بھی ہماری ٹیم اچھا کھیلی۔ اپنی فنشنگ کق بہتر کرنا چاہتے ہیں تاکہ گول کرنے کے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔گول کیپنگ کا شعبہ عمران بٹ کے آنے سے مضبوط ہوا ہے۔پنالٹی کارنر کے شعبے میں بھی بہتری آئی ہے۔نئی انتظامیہ آئی ہے، وقت ملے گا تو بہتری بھی آئیگی۔پہلے ہم بڑے مارجن سے ہار رہے تھے اب نتائج میں فرق آ رہا ہے۔ ماضی میں ہمارا دفاع کمزور تھا پنالٹی کارنر پر بھی گول نہیں ہو رہے تھے اب ہم اس شعبے میں گول کر رہے ہیں جبکہ دفاع میں بھی بہتری آئی ہے۔ اسکا کریڈٹ پلئیرز کو جاتا ہے جو گیم پلان پر عمل کرتے ہوئے سو فیصد پرفارمنس دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان ہاکی کا اصل حسن اور قوت ایشین سٹائل اور جارحانہ ہاکی ہے بھارت کے خلاف بھی ہم نے جارحانہ ہاکی کھیلی اور میچ برابر کرنے میں بھی کامیاب رہے۔روایتی حریف کیخلاف ہمارے فارورڈز نے بھی منظم کھیل پیش کیا۔ علی شان اور دیگر فارورڈز اور دفاعی کھلاڑیوں نے بھی توقعات کے مطابق کھیل پیش کیا۔ بھارت اور پاکستان دونوں ٹیموں نے اچھی ہاکی کھیلی یہی اس کھیل کا حسن ہے۔ ہمارے پنالٹی کارنز سپیشلسٹ مبشر نے اہم اور مشکل وقت میں گول سکور کر رہے ہیں۔ ہم نے لمبے عرصے بعد بھارت کے خلاف کسی میچ میں بہتر نتیجہ حاصل کیا ہے۔ ہماری کوشش اپنی روایتی جارحانہ ہاکی پر واپس آنا ہے۔ ہمیں تیاریوں کے لیے مکمل وقت نہیں ملا لیکن پھر بھی پوری کوشش کر رہے ہیں کہ شائقین اور قوم کی توقعات پر پورا اتریں۔