خورشید شاہ نے خبردار کیا ہے کہ اداروں نے پرانے کھیل میں حصہ ڈالا تو ملک سے وفا نہیں ہوگی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت صاف شفاف انتخابات سے نہیں بنتی، اس میں دھونس دھاندلی ہوتی ہے،ماضی کے انتخابات پر بھی سوالیہ نشان رہا ہے،نوازشریف کو اقتدار بات چیت سے ملا تھا، سیاست کا مستقبل حالات پر منحصر ہوتا ہے، سیاستدانوں کو برابری کی بنیاد پر مواقع ملنا چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اداروں نے پرانےکھیل میں حصہ ڈالا تو ملک سے وفا نہیں ہوگی،الیکشن کمیشن الیکشن کے لئے ایسا ماحول بنائے جس پر کوئی انگلی نا اٹھا سکے۔ اپنے لیےسب اچھا اور دوسروں کے لیے غلط پر بھی بولنا چاہیے، نواز شریف ماضی میں یہ بات سمجھتے تو 2013 کے الیکشن کےنتائج پر تحفظات پیش کرتے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف عوام سے لوڈ شیڈنگ کا کیا گیا وعدہ پورا کرنے میں ناکام رہے ہیں، انہوں نے الیکشن کے بارے میں جو کہا اس پر کچھ نہیں کہیں گے۔