پاکستان میں کاروبار میں آسانی کے بارے میں 2019ء کی رپورٹ میں پہلی بار درجہ بندی میں گیارہ درجے بہتری
پاکستان ملک میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے اصلاحات پر بھرپور انداز میں عمل پیرا ہے۔
یہ بات تجارت کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود اور سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف نے اسلام آباد میں مشترکہ میڈیا بریفنگ میں بتائی۔
انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ پاکستان نے ایک سال میں کاروبار میں آسانی کے حوالے سے 2019ء کی رپورٹ کے مطابق اپنی ساکھ کو گیارہ پوائنٹ بہتر بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے کاروباری اداروں کی رجسٹریشن میں وقت کی بچت کیلئے ایک مربوط ویب پورٹل قائم کیا گیا ہے اور اب ایک کمپنی ایک دن میں خود کو سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے ساتھ رجسٹر کرا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعمیر کی اجازت کے اجراء کے لئے ون ونڈو آپریشن متعارف کرایا گیا ہے تاکہ اس عمل کو بہتر بنایا جائے۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ پنجاب میں جائیداد کے اندراج کو آن لائن طریقہ کار کے ذریعے مکمل طور پر خودکار بنایا جائے گا جس سے وقت کی بہت زیادہ بچت کے ساتھ شفافیت اور زمین کے انتظامی معیار میں بہتری آئی ہے۔
اصلاحات کی اہم خصوصیات میں وفاقی اور صوبائی ٹیکسوں کی آن لائن ادائیگی بھی شامل ہے اور اب ان ادائیگیوں کی تعداد 47 سے کم ہو کر 10رہ گئی ہے۔
آن لائن ادائیگیوں سے پاکستان کے ٹیکسوں کی ادائیگی کے اشاریے کی درجہ بندی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
عبدالرزاق داؤد اور ہارون شریف نے کہا کہ کے الیکٹرک نے بجلی کے کمرشل کنکشن کا حصول آن لائن کے ذریعے آسان بنا دیا ہے اور اب صارف اپنی درخواست کے بارے میں معلوم کر سکتے ہیں۔