چیف جسٹس گلزار احمد کا کورونا سے نمٹنے کے لیے ناکافی سہولت پر پہلا از خود نوٹس
اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد خان نے کورونا سے نمٹنے کے لیے ناکافی سہولت پر پہلا از خود نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد خان نے پہلا از خود نوٹس لے لیا ہے اور اپنا پہلا از خود نوٹس کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ناکافی سہولیات پر لیا ہے۔جس میں جائزہ لیا جائے گا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کیا اقدامات اٹھائے گئے؟اورہسپتالوں میں کیا سہولیات ہیں۔ کورونا وائرس سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت 13 اپریل کو ہوگی اورچیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ سماعت کرے گا جبکہ اٹارنی جنرل، سیکرٹری صحت ، داخلہ،چاروں صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز اور چیف سیکریٹریز کو بھی نوٹسزجاری کر دیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4700 سے تجاوز کر چکی ہیں جبکہ 68 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، پنجاب میں 2280،سندھ میں 1214،بلوچستان میں 220،خیبرپختونخوا میں 620،اسلام آباد میں 118،گلگت بلتستان میں 215 اور آزاد کشمیر میں مریضوں کی تعداد 33 ہے۔تاہم 600 سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔