پنجاب حکومت نے صحافیوں کیلئے پیکج لانے کا اعلان
وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صحافتی پیکج لانے کا فیصلہ کیا ہے، کورونا سے بیمار صحافی کو 1 لاکھ جبکہ جاں بحق صحافی کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب کے وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اپنے ذمے واجب الادا فنڈز جلد جاری کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے کورونا وائرس سے بچاؤکے لیے ایس او پیز بنائے ہیں، میڈیا ہاؤسز اور اخبار مالکان کو کورونا روائرس سے متعلق ایڈوائزری بھیج رہے ہیں۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ صحافی برادری کے لیے کورونا وائرس سے بچاؤکے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور ان کے لیے پیکیج بھی بنا رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ کوئی صحافی کورونا وائرس سے متاثر ہوا تو ایک لاکھ روپے ریلیف فنڈ دیں گے، میڈیا سے متعلق 16 فیصد صوبائی ٹیکس کی چھوٹ کیلئے سمری وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو دی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی بتایا کہ کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے صحافی کی بیوہ کو 10 ہزار روپے ماہانہ پنشن دی جائے گی، اخبار فروشوں کو کل سے حفاظتی سامان مہیا کیا جائے گا۔کسی صحافی کا کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں انتقال ہوا تو اس کے اہلِ خانہ کو 10 لاکھ روپے دیں گے۔