دھرنا پارٹی اور کرپٹ عناصر محمد نواز شریف کی مقبولیت سے خائف ہیں۔ شہباز شریف
وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کامیاب ریلی پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ نوازشریف اور عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، تاریخی استقبال ثبوت ہے کہ سابق وزیراعظم مقبول ترین لیڈر ہیں، ترقی کے لئے ان کے اقدامات ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 20 کروڑ عوام نے نواز شریف سے والہانہ محبت کا ثبوت دیا ہے، نواز شریف نے ملک کے دفاع کو نا قابل تسخیر بنایا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں ملک کی تیز رفتار ترقی کے لئے کئی پراجیکٹ مکمل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا پارٹی اور کرپٹ عناصر محمد نواز شریف کی مقبولیت سے خائف ہیں، نیازی صاحب نے ووٹ کے تقدس کو پامال کرنے کی ہر موقع پر کوششیں کیں، عوام نے تبدیلی کے دعویدار کے اصل چہرے کو دیکھ لیا ہے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے معروف جرمن ڈاکٹر روتھ فا کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ وزیراعلیٰ نے مرحومہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جذام اور ٹی بی کے خاتمے کیلئے ڈاکٹر روتھ فا کی طبی خدمات قابل تحسین ہیں۔ مرحومہ نے دکھی انسانیت کی بلا امتیاز خدمت کر کے ایک مثال قائم کی، انکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔