نوازشریف ریاستی اداروں کو للکار رہے ہیں۔ نواز شریف کو آئینی مدت پوری کرنے کی شق یاد ہے لیکن آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ یاد نہیں:سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری
ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ نوازشریف کی تقریروں میں توپوں کا رخ ریاستی اداروں کی جانب ہے، ایک بار پھر سپریم کورٹ پر حملہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی پانچ سال کی مدت آئین پر عملدرآمد سے مشروط ہے۔ عدالت عظمیٰ نے کرپشن پر نکالا ہے اس میں کون سے آئین کی خلاف ورزی ہوئی۔ آئین صرف ایک ہی آرٹیکل کا نام نہیں کہ مدت پوری کی جائے۔ یہ عدت نہیں ہے کہ جس میں کوئی کمی بیشی نہیں ہوسکتی۔ طاہرالقادری نے کہا نوازشریف کو آئین کی مدت پوری کرنے کی شق یاد ہے لیکن آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ یاد نہیں۔ کرپشن پر مواخذہ ہوگا تو جھوٹی دستاویزات کا مواخذہ بھی ہوگا۔ انہوں نے کہا عوام کے اعلان لاتعلقی کی وجہ سے جہلم میں عصر کے وقت ریلی ختم کی گئی۔ عوام کی نااہل شخص کی ریلی میں عدم شرکت عدالتی فیصلےکی توثیق ہے۔ ماڈل ٹاؤن کی چودہ لاشوں کا تین سال سے حساب مانگ رہے ہیں۔