امریکا کا 2020 تک ملٹری سپیس فورس قائم کرنیکا فیصلہ
امریکا نے 2020ء تک ملٹری سپیس فورس قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ پینٹاگون میں خطاب میں امریکی نائب صدر مائیک پینس نے کہا کہ روس اور چین مدار میں جدید کارروائیاں کررہے ہیں،زمین، سمندر، صحرائوں کے بعد خلا نیا میدان جنگ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ روس اور چین تیزی سے خلا میں برتری حاصل کرنے کی جانب گامزن ہیں، جلد ہمارے خلائی نظام کو وہ خطرہ لاحق ہو گا جو اس سے قبل نہیں ہوا، وقت آگیا ہے کہ سپیس فورس قائم کی جائے۔پینس کی تقریر کے بعد صدر ٹرمپ نے خلائی فوج سے متعلق ٹویٹ کر دیا، وائٹ ہاس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کو معلوم ہے کہ خلا قومی سلامتی کے لیے بہت اہم ہے۔ ادھر روس اور چین بھی جدید ترین ہتھیار بنا چکے ہیں، روس پہلے ہی خبردار کرچکا ہے کہ امریکا نے خلائی ہتھیاروں کی دوڑ شروع کی تو روس بھی پیچھے نہیں رہے گا۔