15 ویں نومنتخب قومی اسمبلی پیر کو حلف اٹھائے گی۔
15 ویں نومنتخب قومی اسمبلی پیر کو حلف اٹھائے گی۔ اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریں گے۔ اس سلسلے میں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ حلف برداری کی تقریب میں اعلیٰ فوجی و سول حکام، غیر ملکی سفارت کاروں سمیت اہم شخصیات کو دعوت نامے جاری کئے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے اس سلسلے میں قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست پیر کو صبح 10 بجے طلب کیا ہے۔ آئین کے آرٹیکل 91(4) کے تحت عام انتخابات کے دن سے 21 دن کے اندر قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنا لازم ہے۔ 15 ویں قومی اسمبلی کی حلف برداری کے بعد ارکان قومی اسمبلی فرداً فرداً سپیکر کی دعوت پر حروف تہجی کے اعتبار سے رول آف ممبرز پر دستخط کریں گے۔ قومی اسمبلی کے موجودہ سپیکر نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے الیکشن کے شیڈول کا اعلان کریں گے۔ سب سے پہلے نئے سپیکر کا انتخاب ہوگا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نئے نومنتخب سپیکر سے حلف لے کر سپیکر کے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ نومنتخب سپیکر اپنی زیر نگرانی ڈپٹی سپیکر کا الیکشن کرائے گا۔ واضح رہے کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا۔ ڈپٹی سپیکر کے الیکشن کے بعد سپیکر قومی اسمبلی کے نئے قائد ایوان کے الیکشن کا شیڈول جاری کریں گے۔ نئے قائد ایوان کا الیکشن اوپن ڈویژن کے ذریعے کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی ہال کے دونوں اطراف حکومت اور اپوزیشن کی الگ الگ لابیاں موجود ہیں۔ دونوں لابیوں میں ارکان قومی اسمبلی اپنے اپنے امیدوار کے حق میں جا کر اپنا ووٹ رجسٹر کرائیں گے۔ اکثریتی ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار نیا قائد ایوان منتخب ہوگا۔